امریکا کی پاکستانی حکام سے شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق بات چیت

09:56 AM, 11 Aug, 2021

نیویارک: پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بات چیت ہو رہی ہے ۔

اپنے بیان میں جان کربی نے کہا کہ شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی سے نہ صرف افغانستان بلکہ خطے کا امن بھی خطرے میں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدت پسندوں کا خاتمہ قیام امن کیلئے بہت ضروری ہے ۔

ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی ان شدت پسندوں کے حملے سے محفوظ نہیں ہیں ۔ ایسے میں افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کو ان دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے ۔

جان کربی نے کہا کہ افغان حکومت کی ہمیشہ حمایت کرتے رہیں گے ۔ طالبان کے خاتمے کیلئے افغان فورسز کی ہر ممکن مدد کریں گے ۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر دفاع جنرل آسٹن نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خطے کی سکیورٹی صورتحال اور استحکام سے متعلق مشترکہ مقاصد پر بات چیت کی ۔

نیو نیوز کے امریکا میں بیورو چیف آصف مصور کے مطابق ترجمان پینٹاگون جان کربی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل آسٹن نے پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔

جان کربی کے مطابق جنرل لائیڈ آسٹن نے پاکستان کے آرمی چیف سے خطے میں باہمی مفادات پر بات کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا دفاع افغان فورسز کی ذمہ داری ہے ۔

مزیدخبریں