لاہور: کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کی ٹیم باغ سٹالینز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ میں ابھی اتنا بوڑھا نہیں ہوا کہ مجھے سینئرز میں شمار کیا جائے لیکن میں سمجھتا ہوں تمام ٹیموں میں شامل کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ خواہش ہے کے پی ایل مظفر آباد کے ساتھ کشمیر کے دیگر خوبصورت شہروں میں بھی ہو جہاں سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرے ہوں اور تمام پاکستانی ، کشمیری اور غیر ملکی کھلاڑی اس کا حصہ بنیں۔
ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظفر آباد کی خوبصورت جگہ اور اچھے گراؤنڈ میں کرکٹ کو انجوائے کر رہے ہیں، بہت اچھے ماحول میں ٹی 20 کرکٹ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کی وکٹیں اچھی ہیں، ہوٹل قریب ہے اور بہت اچھی جگہ پر ہے یہاں سب سے اچھی چیز گراؤنڈ کا ویو ہے جہاں تین طرف سے پہاڑ نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ایل کے منتظمین لیگ کی مزید بہتری پر ضرور کام کر رہے ہوں گے، خواہش ہے کہ کشمیر کے دوسرے شہروں میں بھی میچز ہوں اور مکمل کراؤڈ ہو، کے پی ایل میں اگلی مرتبہ سب پاکستانی، انٹرنیشنل اور کشمیری کھلاڑی ہوں۔