ممبئی: انڈین فلموں کے مشہور اداکار پرکاش راج ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں۔ انھیں فوری طور پر ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق پرکاش راج جو ان دنوں چنئی شہر میں اپنی آنے والی فلم ڈی 44 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ایک سین کی فلمبندی کے دوران شدید زخمی ہوئے۔
پرکاش راج کے زخمی ہونے سے پورے فلم سٹاف میں کھلبلی مچ گئی۔ وہاں موجود پروڈیوسر نے فوری طور پر امدادی ٹیم کو اطلاع دی۔
ریسکیو ٹیموں نے سیٹ پر پہنچ کر اداکار پرکاش راج کو فوری طور پر طبی امداد دی اور ایمبیولینس کے ذریعے انھیں ہسپتال پہنچایا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شوٹنگ کے دوران چوٹ لگنے سے اداکار پرکاش راج کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے جس کی سرجری ہونا ضروری ہے۔ انھیں آپریشن کیلئے حیدر آباد منتقل کیا جائے گا۔
اداکار پرکاش راج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں مداحوں کو اپنی صحت بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہاتھ فریکچر ہو گیا ہے، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، امید ہے کہ میں جلد ٹھیک ہو جاؤں گا۔