کشمیری ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

03:52 PM, 11 Aug, 2019

اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیری ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، ہمیں ان پر فخر ہے۔

اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک ان کے شانہ بشانہ ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر سے ہمارا رشتہ لا الہ الا اللہ کے ابدی پیغام پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو سلام ہے، ان کی قربانیاں عظیم ہیں۔ ان کا جذبہ اور اپنے نصب العین سے وابستگی بھارت کو شکست دے چکی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کیلئے برسرپیکار کشمیریوں کی حمایت سچائی، اصول اور جمہوریت کی حمایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری خاموش تماشائی بننے کی بجائے دنیا میں اصول، سچائی اور قانون کی بالادستی کی حامی بن کر بھارتی مودیوں کی انتہا پسندی کو روکے۔ انہوں نے کہا مودی کی فسطائیت اور ظلم ، 9لاکھ قابض بھارتی فوج کی بندوقیں بھی کشمیریوں کے حق کو نہیں دبا سکتیں ، انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان کو ان کے مذہبی شعائر اور عبادات سے روکنا سیکولر بھارت کی موت ہے ۔

مزیدخبریں