سیاٹل: امریکی شہر سیاٹل کے سی ٹیک ایئرپورٹ سے بغیر اجازت اڑایا جانے والا کمرشل طیارہ کیٹرون آئی لینڈمیں گر کر تباہ ہوگیا , سی ٹیک ایئرپورٹ حکام کے مطابق الاسکا ایئرلائنز کا طیارہ کمپنی کے ایک مکینک نے چوری کیا اور بغیر اجازت اڑا کر لے گیا، طیارے میں مسافر موجود نہیں تھے۔
اس حوالے سے سی ٹیک ایئرپورٹ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا، 'ایک ایئرلائن کے ملازم نے بغیر اجازت سی ٹیک ایئرپورٹ سے ایک طیارہ اڑایا، جس میں کوئی مسافر نہیں تھا، جو گرکر تباہ ہوگیا ہے ، جبکہ ایئرپورٹ پر معمول کا آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔'
پولیس حکام کے مطابق امریکی فوج کے دو ایف 15 طیاروں نے الاسکا ایئر لائنز کے طیارے کا تعاقب بھی کیا , ایئرلائن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا، 'ہم ہورائزن ایئر کیو 400 طیارے کے بغیر اجازت اڑائے جانے کے واقعے سے آگاہ ہیں، لیکن اس میں کوئی مسافر نہیں تھا'۔
رپورٹ کے مطابق طیارے کی 'چوری' کی رپورٹ رات ساڑھے 8 بجے کے قریب ملی جبکہ 15 منٹ بعد ہی کیٹرون آئی لینڈ کے قریب سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکینک کے پاس طیارہ اڑانے کی تربیت نہیں تھی جس کی وجہ سے وہ گر کر کریش ہوگیا اور نتیجے میں اغواکار خود ہلاک ہوگیا۔