لاہور :آصف کرمانی نے کہا ہے کہ عمران خان موجودہ دور کے شیخ چلی ہیں جو خوابوں کی دنیا میں بستے ہیں-
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے جھوٹے دعوؤں کی ہنڈیا بہت جلد بیچ چوراہے ٹوٹ جائے گی ـ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا تحریک انصاف کے بس کی بات نہیں ہے ـ
انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر تنقید کرنے والوں کے پاس کوئی متبادل پروگرام نہیں ہے ـ یہ لوگ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل تک لیجانے کی اہلیت نہیں رکھتےـ انہوں نے کہا کہ عمران خان موجودہ دور کے شیخ چلی ہیں جو خوابوں کی دنیا میں بستے ہیں ـ انہوں نے کہا کہ دعوے کرنا آسان اور ان پر عمل کرنا بہت مشکل ہے ـانہوں نے کہا کہ انتخابی جلسوں اور دیگر انٹرویوز میں عمران خان نے بلند و بانگ دعوے کئے اور کہا کہ وہ پاکستان کو جلد قرضوں سے چھٹکارا دلا دیں گے اور آئی ایم ایف سے مزید قرض نہیں لیا جائے گاـ
انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت بنی نہیں اور قرضوں کے لئے ہاتھ پاؤں مارنا پہلے ہی شروع کر دیئے گئے ہیں ـ عوام نواز شریف حکومت کے ترقیاتی دور کو یاد کر رہے ہیں-