سعودی حکومت کا بلوچستان کے طلباء کیلئے 50 وظائف کا اعلان

10:06 AM, 11 Aug, 2018

اسلام آباد: سعودی عرب کی حکومت نے بلوچستان کے طلبا کو سعودی عرب کی بہترین جامعات میں اعلیٰ تعلیم کیلئے 50 وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ وظائف گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ سطح پر طلبا کو دیئے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب اور نادار طلبا کے اعلیٰ تعلیم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد دی جا سکے۔ طلبا کو تعلیم اور دیگر تمام اخراجات کے علاوہ ماہانہ اعزازیہ بھی دیا جائے گا اور وظائف کی تعداد اگلے سال دگنی کر دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  پنجاب میں گرمی کی تعطیلات ختم، سرکاری اسکول کھل گئے

سعودی سفیر نواف بن سید المالکی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور وظائف کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی ذاتی کاوشوں سے بلوچستان کے عوام کیلئے فلاحی کاموں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے پاکستان اور سعودی عرب مل کر کوششیں کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے سعودی سفیر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کے طلبا کیلئے وظائف 2019 میں دگنا کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

 

مزیدخبریں