ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ایرانی نائب وزیر خارجہ

08:00 PM, 11 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

تہران:  ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار  سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں تہران کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے جاپان کی ساسا کاوا پیس فاؤنڈیشن میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدہ کی عالمی پوزیشن بہت مضبوط ہے اور نہ صرف سلامتی کونسل کی قرار داد بائیس اکتیس کے ذریعے اس کی توثیق ہوئی بلکہ یورپی یونین اور عالمی برداری بھی اس معاہدے کی حمایت کر رہی ہے۔

سید عباس عراقچی نے امریکہ کی ایران کے میزائل پروگرام کی بنیاد پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کو بلاجواز اور ناقابل قبول قرار دیا۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار نے واضح کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے اور ایرانی عوام کی توانائیوں اور صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

مزیدخبریں