واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران اور چھ بڑے ممالک کے درمیان طے پائے جانے والے نیوکلیئر معاہدے کو ایک مرتبہ پھر شدید نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے نیوکلیئر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد اسے نتائج سے با خبر رہنا ہوگا۔
بین الااقوامی میڈیا کے مطابق جمعے کی صبح نیو جرسی میں اپنے ذاتی گولف کورس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ " ذاتی طور پر میرے نزدیک ایرانی حکام معاہدے پر پورا نہیں اترے۔ تاہم ہمارے پاس وقت ہے اور ہم دیکھ لیں گے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ نیوکلیئر معاہدے پر عمل درامد نہ کرنے کی صورت میں سخت امور ان (ایرانیوں) کے منتظر ہوں گے"۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ وہائٹ ہاو¿س کے اندر پہنچنے کی صورت میں ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے سے دست بردار ہو جائیں گے۔ کچھ عرصہ قبل ٹرمپ نے اس معاہدے کو "احمقانہ" قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ملک نے اس معاہدے سے کچھ حاصل نہ کیا۔