صنعا:یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے عسکری اور سیاسی میدان میں سرگرم عرب ممالک کے اتحاد نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ صنعاءکے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا انتظامی کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے۔
بین الااقوامی میڈیا کے مطابق اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے صنعا ہوائی اڈے سے تجارتی اور مسافر بردار پروازوں کی از سرنو بحالی کے لیے ہوائی اڈے کا کنٹرول کسی غیر جانب دار ادارے کے پاس ہونا ضروری ہے۔ جب تک ہوائی اڈے کا کنٹرول یمن کی آئینی حکومت کے پاس نہیں آجاتا تب تک اقوام متحدہ کو یہ ذمہ داری انجام دینا چاہیے۔
انکا کہناتھا کہ باغیوں کی زیرنگرانی پروازوں سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں کی سلامتی کو بھی خطرات درپیش ہیں۔ اسمگلنگ، غیر قانونی آمد ورفت، اسلحہ اور ممنوعہ اشیاءکی آمد ورفت روکنے کے لیے صنعا کے ہوائی اڈے کا انتظام وانصرام باغیوں سے لے کر اقوام متحدہ کے دیا جانا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد یمن میں انسانی حقوق کے دفتر کی طرف سے صنعاکے ہوائی اڈے پر تجارتی پروازوں کو بند کئے جانے سے متعلق اطلاعات کی تحقیقات کررہا ہے۔