مشن جی ٹی روڈ کا تیسرا روز، نواز شریف کا قافلہ لاہور کی جانب رواں دواں

11:43 AM, 11 Aug, 2017

لاہور: مشن جی ٹی روڈ کے تیسرے روز سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ جہلم سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔ آج نواز شریف کا قیام گوجرانوالہ میں متوقع ہے۔ جہاں ان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ گوجرانوالہ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے شہر بھر میں خیر مقدمی بینرز اور ہولڈنگز لگا دیے گئے جبکہ نواز شریف کی تقریب کیلئے خصوصی اسٹیج بھی لگا دیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ میں پڑاؤ کے بعد قافلہ لاہور کے لئے روانہ ہوگا۔ جی ٹی روڈ کے ملحقہ علاقوں میں استقبالی کیمپ قائم کر دیئے گئے۔ کارکن اپنے قائد کی جھلک دیکھنے کے لئے منتظر ہیں۔نواز شریف کی ریلی کے دوران جی ٹی روڈ پر ٹریفک تقریباً معطل ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔یاد رہےگزشتہ شب نواز شریف نے جہلم کے ہوٹل میں قیام کیا تھا۔

دوسری جانب لاہور میں نوازشریف کے قافلے کی سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری پہنچ گئی ہے۔ ملتان، ساہیوال اور وہاڑی سے پولیس اہلکار لاہور پہنچ گئے جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو بھی لاہور طلب کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ روز نواز شریف کا جہلم پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا تھا جہاں استقبال کے لیے آئے ہوئے عوام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے ایک منٹ میں پانچ ججوں نے فارغ کر دیا گیا جو کروڑوں عوام کے ووٹوں کی توہین ہے۔

نواز شریف نے عوام سے کہا کہ آپ کو بھی پوچھنا چاہیے کہ جب میں نے کرپشن نہیں کی تو پھر کیوں نکالا گیا؟۔ میرے ہاتھ اور دل صاف ہے جو پاکستان کی محبت میں ڈوبا ہوا ہے۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں مجھے کیوں نکالا جبکہ میں نے ملک کی امانت میں کبھی بھی خیانت نہیں کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں