کیلیفورنیا:آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں نمایاں مقام رکھنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے معروف چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں ایک اہم اپڈیٹ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب یہ سسٹم صارفین کی تمام سابقہ گفتگوؤں کو خودبخود یاد رکھے گا چاہے صارف اسے یاد رکھنے کا الگ سے نہ کہے۔
اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس نئی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی کی میموری کو بہتر بنایا گیا ہے اور اب یہ پچھلی باتوں کا حوالہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "یہ فیچر حیرت انگیز طور پر مفید ہے اور یہ مستقبل میں اے آئی سسٹمز کے ذاتی نوعیت کے تجربے کی طرف اشارہ کرتا ہے، جہاں یہ ٹیکنالوجی وقت کے ساتھ صارفین کو سمجھنے لگے گی۔"
واضح رہے کہ اوپن اے آئی نے 2023 میں "کسٹم انسٹرکشنز" کے ذریعے میموری سسٹم کی بنیاد رکھی تھی، جس میں صارف اپنی ترجیحات خود سیٹ کر سکتا تھا۔ بعدازاں، صارفین کو یہ سہولت دی گئی کہ وہ چیٹ کے دوران کسی بات کو یاد رکھنے کی ہدایت دے سکیں۔
تاہم، اب نئی اپڈیٹ کے بعد، چیٹ جی پی ٹی خود بخود آپ کی گفتگو سے اہم معلومات اخذ کرکے یاد رکھ سکے گا، جس سے صارف کو زیادہ سہولت اور ذاتی نوعیت کا تجربہ حاصل ہوگا۔
یہ فیچر پرو پلان ($200 ماہانہ) اور پلس پلان ($20 ماہانہ) کے صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ ٹیم، انٹرپرائز اور ایجوکیشن صارفین کو اگلے چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔ اوپن اے آئی نے واضح نہیں کیا کہ مفت صارفین کو یہ فیچر کب میسر آئے گا۔
اگر کوئی صارف نہیں چاہتا کہ اس کی گفتگو محفوظ ہو، تو وہ سیٹنگز سے میموری فیچر کو بند کر سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، "ٹیمپرری چیٹ" کا آپشن بھی موجود ہے، جس میں کوئی معلومات محفوظ نہیں کی جاتی۔