شرمیلا ٹیگور نے کینسر کو شکست دے دی، سوہا علی خان کا اہم انکشاف

شرمیلا ٹیگور نے کینسر کو شکست دے دی، سوہا علی خان کا اہم انکشاف

بھارت:ماضی کی مقبول ترین ہیروئن اور سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دی ہے، جس کا انکشاف ان کی بیٹی سوہا علی خان نے کیا۔ سوہا علی خان کے مطابق، شرمیلا ٹیگور میں 2022 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، لیکن اس کا کسی کو علم نہیں ہونے دیا گیا تھا۔

سوہا نے بتایا کہ یہ سفر نہایت مشکل تھا اور ان کے خاندان نے کئی دباؤ کے لمحات کا سامنا کیا۔ تاہم، خوش قسمتی سے شرمیلا ٹیگور کو پھیپھڑوں کے کینسر کی اسٹیج زیرو پر تشخیص ہوئی، جس کی وجہ سے انہیں طویل علاج یا کیموتھراپی کی ضرورت نہیں پڑی۔ صرف سرجری کے ذریعے کینسر کا حصہ نکال دیا گیا اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

سوہا نے مزید کہا کہ ان کی والدہ نے اپنی صحت کی صورتحال کے بارے میں کم بات کی تھی اور کینسر کی سرجری کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں خطرہ مول نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور کی صحت سے متعلق افواہیں اُس وقت سامنے آئیں جب وہ 2023 میں "کافی وِد کرن" شو میں مہمان کے طور پر شریک ہوئیں۔ میزبان کرن جوہر نے انکشاف کیا تھا کہ فلم "راکی اور رانی کی پریم کہانی" میں شبانہ اعظمی کا کردار شرمیلا کو پیش کیا گیا تھا، لیکن صحت کے مسائل کی وجہ سے انہوں نے انکار کردیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور حال ہی میں بنگالی فلم "پُرتوا" میں ریتوپارنا سین گپتا کے ساتھ نظر آئیں گی، جبکہ اس سے قبل 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم "گل موہر" میں انہوں نے منوج باجپائی کے ساتھ کردار ادا کیا تھا۔