لاہور:آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمنز ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے مات دے دی۔
32 اوورز پر مشتمل میچ میں سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ کپتان کتھیرائن برائس نے 96 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، علیشا لیسٹر نے 24 گیندوں پر 31 اور سارہ برائس نے 21 رنز بنائے۔
پاکستانی بولرز کی جانب سے فاطمہ ثنا نے سب سے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 اوورز میں 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سعدیہ اقبال نے 2، نشرہ سندھو اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان نے 186 رنز کا ہدف 31ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
منیبہ علی نے 72 گیندوں پر 71 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جبکہ عالیہ ریاض 70 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ سدرہ نواز نے 14 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔
آل راؤنڈ کارکردگی پر عالیہ ریاض کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے اس سے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو ہرایا تھا اور اب تیسرا میچ 14 اپریل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔