لاہور: شفیق آباد پولیس نے شاپنگ کے بعد گھر واپس جانے والی خواتین کو نشانہ بنانے والے سنیچر گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان شہریوں سے پرس، موبائل فونز اور نقدی چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر دو سے تین افراد کے گروہ کی صورت میں وارداتیں کرتے تھے اور خاص طور پر تنہا خواتین کو نشانہ بناتے۔ پولیس کے مطابق یہ گینگ شفیق آباد کے علاوہ لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی سرگرم تھا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت مرزا سید اور غلام نبی کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل اور چھینی گئی نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ شہر میں سرگرم ایسے متحرک جرائم پیشہ گروہوں کی گرفتاری کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔