اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیمیں جس نجی ہوٹل میں مقیم ہیں، وہاں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہوٹل کے آؤٹر یونٹ جنریٹر میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے باعث لفٹ بند کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق، فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے، پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں اور غیر ملکی کھلاڑی اپنے کمروں میں محفوظ ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے سی ای او، سلمان نصیر نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس آتشزدگی کے واقعے میں کسی کھلاڑی یا فرنچائز کے فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ آگ ہوٹل کے اندرونی حصے میں نہیں آئی اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے اس پر قابو پا لیا گیا۔ سب کچھ معمول کے مطابق ہے اور کسی قسم کی پریشانی کی بات نہیں ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے موقع پر سی پی او راولپنڈی نے ایک پریس کانفرنس کی، جس میں راولپنڈی میں ہونے والے پہلے میچ کی سیکورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 6,000 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور شائقین کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی تعینات رہیں گے اور تمام میچز کے دوران روٹس کو بند رکھا جائے گا۔