گوگل نے درجنوں ملازمین کو فارغ کر دیا، پلیٹ فارمز اینڈ ڈیوائسز ٹیم متاثر

06:28 PM, 11 Apr, 2025

کیلیفورنیا: دنیا کی صف اول کی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے "پلیٹ فارمز اینڈ ڈیوائسز" یونٹ میں کام کرنے والے درجنوں ملازمین کو اچانک فارغ کر دیا ہے۔ متاثرہ ٹیمیں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم، پکسل اسمارٹ فونز اور کروم براؤزر جیسے بڑے پروجیکٹس پر کام کر رہی تھیں۔

امریکی ٹیک میڈیا ادارے The Information نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کمپنی نے پہلے رواں سال جنوری میں ملازمین کو رضاکارانہ علیحدگی (buyout) کی پیشکش کی تھی، لیکن اب تازہ اقدامات کے تحت چند ملازمین کو جبری طور پر نکال دیا گیا ہے۔

گوگل کے ترجمان کے مطابق، "ہم نے گذشتہ سال اپنی Platforms اور Devices ٹیموں کو یکجا کیا تھا تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ اسی مقصد کے تحت ہم نے بعض ملازمین کو رخصت کرنے کا مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا ہے۔"

یہ فیصلہ گوگل کے اس وسیع تر رجحان کا حصہ ہے جس کے تحت کمپنی اپنے مالی اخراجات میں کمی لا کر زیادہ منافع والے شعبوں جیسے کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گوگل نے فروری 2025 میں بھی اپنی کلاؤڈ ڈویژن میں محدود پیمانے پر چھانٹیاں کی تھیں، جبکہ جنوری 2023 میں اس کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے عالمی سطح پر 12,000 ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ اقدامات ٹیکنالوجی انڈسٹری میں جاری اس بڑی تبدیلی کی علامت ہیں، جس میں کمپنیاں زیادہ مؤثر اور مستقبل شناس ماڈلز کی جانب منتقل ہو رہی ہیں۔

مزیدخبریں