واٹس ایپ میں نئی تبدیلی! آن لائن گروپ انڈیکٹر اور ویڈیو کالز کے دوران زوم کا فیچر

 واٹس ایپ میں نئی تبدیلی! آن لائن گروپ انڈیکٹر اور ویڈیو کالز کے دوران زوم کا فیچر

کیلیفورنیا:دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد صارفین کے ساتھ واٹس ایپ کو سب سے بڑا میسجنگ پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ اپنے صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ مسلسل نئے فیچرز متعارف کراتا رہتا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں میٹا کی ملکیت والی اس ایپ میں چند نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جو صارفین کے لیے مزید سہولت فراہم کرتے ہیں۔


واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے گروپ چیٹس میں کتنے افراد آن لائن ہیں، یہ جاننا ممکن ہو گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت گروپ کے نام کے نیچے آن لائن افراد کی تعداد دکھائی دیتی ہے، لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کہ کون سے دوست آن لائن ہیں۔


اکثر صارفین کو واٹس ایپ گروپس سے مسلسل نوٹیفکیشنز موصول ہوتی رہتی ہیں۔ نئے فیچر کے ذریعے آپ کو اب صرف اہم نوٹیفکیشنز کی اطلاع ملے گی۔ اس کے لیے "نوٹیفائی فار" سیٹنگ کا استعمال کریں، جس میں آپ صرف ضروری پیغامات، محفوظ کانٹیکٹس یا مینشنڈ پیغامات کے نوٹیفکیشنز حاصل کر سکتے ہیں۔


گروپ چیٹس میں ایونٹس بنانے کا فیچر پہلے سے موجود تھا، لیکن اب آپ ون آن ون چیٹس میں بھی ایونٹس ترتیب دے سکتے ہیں۔ اس میں آپ کسی بھی شخص کو انوائیٹ کر سکتے ہیں، ایونٹ کی تاریخ اور وقت سیٹ کر سکتے ہیں اور اس ایونٹ کو چیٹ میں پن بھی کر سکتے ہیں۔

آئی فون صارفین کے لیے واٹس ایپ نے دستاویزات اسکین کرنے کا فیچر فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے آپ کو کسی اضافی ایپ کی ضرورت نہیں پڑتی۔ آپ اٹیچمنٹ ٹرے میں "اسکین ڈاکومنٹ" کے آپشن سے براہ راست دستاویزات اسکین کر سکتے ہیں۔


صرف آئی فونز کے لیے دستیاب یہ فیچر ویڈیو کالز کے دوران زوم ان کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے آپ کال کے دوران کسی بھی چیز کو مزید تفصیل سے دیکھ سکتے ہیں۔


واٹس ایپ چینل چلانے والوں کے لیے اب کیو آر کوڈ شیئر کرنا ممکن ہو گیا ہے، جو کسی چینل کے لنک کی طرح کام کرے گا۔ اس سے چینل کو نئے صارفین تک پہنچانا آسان ہو جائے گا۔