راولپنڈی :ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا حالیہ دورہ چین محض رسمی ملاقاتوں کا مجموعہ نہیں تھا، بلکہ اس نے جنوبی ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں ابھرتے ہوئے دفاعی رجحانات کی عکاسی کی ہے۔
چین کے وزیر دفاع، پیپلز لبریشن آرمی کی فضائیہ اور دیگر عسکری حکام سے ملاقاتوں میں واضح کیا گیا کہ دونوں ممالک اپنی شراکت داری کو نہ صرف وسعت دے رہے ہیں بلکہ اس میں تکنیکی، تربیتی اور اسٹریٹجک ہم آہنگی بھی شامل کر رہے ہیں۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں تیزی سے بدلتی سیکیورٹی صورتحال کے باعث بین الاقوامی دفاعی تعلقات کی نوعیت بھی بدل رہی ہے۔ پاکستان اور چین کا دفاعی تعاون، خاص طور پر فضائی مشقوں اور ٹیکنالوجی کے تبادلوں میں، ان حالات میں توازن کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کے مطابق ہم چین کے ساتھ اپنے دیرینہ اور پائیدار تعلقات کو دفاعی میدان میں نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں یہ اس جانب اشارہ ہے کہ یہ دورہ دونوں افواج کے درمیان اعتماد، احترام اور مشترکہ وژن کی علامت ہے۔