پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے شہری سہولیات کو مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اب پولیس سے حاصل کیے جانے والے مختلف سرٹیفکیٹس کے لیے مقررہ فیسوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ کاروباری اور مالی معاملات کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نیا نظام بھی جلد نافذ کیا جائے گا۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق:کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ویزا کلیئرنس کے لیے اب 3 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔کرایہ داری فارم کی فیس 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول پر بھی 3 ہزار روپے لاگت آئے گی۔جبکہ سرکاری ملازمت کے لیے دستاویزات کی تصدیق کی فیس 1 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ان اصلاحات کا مقصد درخواستوں کے عمل کو باقاعدہ اور شفاف بنانا ہے۔
اسی دوران، صوبائی حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے خیبرپختونخوا میں یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے چیف سیکرٹری کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ:
تمام سرکاری و نجی مالی لین دین میں آن لائن ادائیگی کو لازم قرار دیا جائے گا۔خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا جو مکمل ڈیجیٹل ادائیگی نظام نافذ کرے گا۔یہ سسٹم موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کے تعاون سے قائم کیا جائے گا۔دیہی سطح پر دکانوں، ٹھیلوں اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔تمام کاروباری مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر کوڈز نصب کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق، یہ اقدام صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت، شفافیت اور آسانی کو فروغ دینے کی ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو گا۔