چین کا ہالی ووڈ فلموں پر فوری پابندی کا اعلان، امریکی ٹیرف کے جواب میں بڑا قدم

 چین کا ہالی ووڈ فلموں پر فوری پابندی کا اعلان، امریکی ٹیرف کے جواب میں بڑا قدم

بیجنگ: چین نے امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی درآمدی ٹیکس عائد کرنے کے ردعمل میں ہالی ووڈ فلموں کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی تنازعے کو ثقافتی سطح تک لے آیا ہے۔

چینی نیشنل فلم ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ اقدام صدر ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کا ردعمل ہے، جس کے تحت امریکہ نے چینی اشیاء پر ٹیرف میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

چین گزشتہ 30 سالوں سے ہر سال تقریباً 10 امریکی فلمیں اپنے ملک میں نمائش کے لیے درآمد کرتا رہا ہے، تاہم اب چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فلمیں مقامی فلمی صنعت کو متاثر کر رہی ہیں، اور موجودہ حالات میں ان کی نمائش کا فیصلہ واپس لینا ضروری تھا۔

دوسری طرف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:

"میں سمجھتا ہوں کہ اس سے بھی زیادہ سنگین فیصلے سنے جا چکے ہیں۔"
تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ اقدام محض ایک تجارتی ردعمل نہیں بلکہ ثقافتی تعلقات میں کشیدگی کا اشارہ بھی ہے، جو آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔