پنجاب حکومت کا تھیٹرز کے لیے نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان، فحاشی پھیلانے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی

پنجاب حکومت کا تھیٹرز کے لیے نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان، فحاشی پھیلانے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ تھیٹرز سے متعلق نیا قانون آئندہ ہفتے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب سینسر بورڈ کو آئندہ دو سے تین روز میں ازسرنو تشکیل دیا جائے گا تاکہ معیار اور اخلاقی ضابطوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت ایسے ڈرامے چاہتی ہے جو خاندانوں کے لیے موزوں ہوں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی تھیٹر فحاشی پھیلانے کا مرتکب پایا گیا تو پہلے تین نوٹس دیے جائیں گے، اور پھر تھیٹر پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 17 اپریل کو کلچر ڈے منایا جائے گا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خصوصی شرکت کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس یا معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے تھیٹرز مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور خود بھی اچانک دورے کریں گی۔