بھارت اور نیپال میں شدید بارشوں، آسمانی بجلی اور طوفانی موسم کی تباہی، 100 سے زائد ہلاکتیں

03:39 PM, 11 Apr, 2025

لکھنؤ/کھٹمنڈو : بھارت اور نیپال میں حالیہ بارشوں، آسمانی بجلی گرنے اور طوفانی موسم نے وسیع پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔ بدھ سے اب تک 100 سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، اور حکام نے مزید شدید موسم کی پیش گوئی کی ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) نے بدھ کو ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی بھارت میں شدید گرمی کی لہر اور مشرقی و وسطی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہواؤں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مشرقی ریاست بہار میں اب تک 64 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ اترپردیش میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

نیپال میں بھی آسمانی بجلی اور تیز بارشوں کی وجہ سے کم از کم 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی نے کہا ہے کہ اس نقصان کا تخمینہ مزید بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ ہفتے تک بھارت کے مشرقی اور وسطی حصوں میں مزید بارشیں اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ، جنوبی بھارت میں مون سون کا آغاز جون میں متوقع ہے، لیکن اس سال غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ اپریل کے مہینے کو غیر معمولی گرم قرار دیا گیا ہے، جس میں ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔

مزیدخبریں