لاہور: فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے آج جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں ریلیاں، جلوس اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مجلس اتحاد امت نے آج کا دن "یومِ مظلوم و محصورینِ فلسطین" کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری کردہ قومی فلسطین کانفرنس کے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک اسرائیل غیر مشروط جنگ بندی کا اعلان نہیں کرتا، اس وقت تک اس کے ساتھ تعلقات رکھنے والے ممالک سے سفارتی روابط ختم کیے جائیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ اسرائیلی مظالم کو روکا جا سکے۔ جمعیت علمائے اسلام نے بھی اعلان کیا ہے کہ آج ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ کارکنان اپنے اپنے اضلاع میں اسرائیل کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
ادھر جماعت اسلامی کی جانب سے بھی آج ملک گیر فلسطین مارچ کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن لاہور کے مال روڈ پر کریں گے۔