موسم نے کروٹ بدل لی ،لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل برس پڑے ، موسم خوشگوار

09:25 AM, 11 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور  :  جمعہ کی صبح لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ شہر کے مال روڈ، گڑھی شاہو، مغلپورہ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، سمن آباد، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش دیکھنے میں آئی۔

بارش کے باعث ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور فضا خوشگوار ہوگئی، شہریوں نے بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں کی چھتوں اور کھڑکیوں کا رخ کیا۔ کچھ علاقوں میں بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

ادھر قصور اور گردونواح میں بھی بادل گرج چمک کے ساتھ برسے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ اسی طرح فیصل آباد، گجرات اور جھنگ میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں بنوں اور کرک میں بھی موسلا دھار بارش نے موسم کو ٹھنڈا کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، خطۂ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں