پشاور زلمی نے پی ایس ایل 10 کے لیے خصوصی شارٹ فلم ’زلمی ایکس لگیسی‘ جاری کر دی

12:56 AM, 11 Apr, 2025

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے اپنے کامیاب 10 سالہ سفر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی شارٹ فلم ’زلمی ایکس لگیسی‘ جاری کر دی۔

’زلمی ایکس لگیسی‘ میں ڈاکیومنٹری انداز میں فرنچائز کے یادگار لمحات، کامیابیاں اور ثقافتی رنگوں کو پیش کیا گیا ہے۔ فلم میں مشہور گلوکارہ آئمہ بیگ، مصطفیٰ زاہد سمیت دیگر فنکاروں نے پشتو، اردو اور انگریزی زبانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

شارٹ فلم میں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز اور پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم، نوجوان بیٹر صائم ایوب اور معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی جلوہ گر ہوئے ہیں۔

پشاور زلمی نے اپنے یوٹیوب چینل پر پشتو زبان میں علیحدہ اینتھم بھی جاری کیا ہے، جسے معروف گلوکار رحیم شاہ نے گایا ہے۔ یہ اینتھم خاص طور پر پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 کا آغاز کل (ہفتہ) سے راولپنڈی میں ہوگا۔ افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان رات ساڑھے 8 بجے کھیلا جائے گا، جب کہ میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں عابدہ پروین، علی ظفر، ابرارالحق، نتاشہ بیگ اور ینگ اسٹنرز اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔

پی ایس ایل 10 میں 6 ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 34 میچز چار شہروں — کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی — میں کھیلے جائیں گے۔

مزیدخبریں