اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا سابقہ حکومت سے انتقام نہیں لیکن حساب ضرور لینگے ،اللہ کا شکر ہے ملک کی جان اس نالائق حکومت سے چھوٹ گئی ،ایل این جی ،سونامی ٹری ،ادویات سمیت تمام سکینڈل میںانتقام نہیں لیکن حساب ضرور ہو گا ۔
قائد ایوان کے منتخب ہونے کیلئے ہونے والے اہم ترین اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے خود شرکت کی اور مہمانوں کی گیلری میں پہنچیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسے پرانی مسلم لیگ ن نہ سمجھیں، یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں، اگر فتنہ پھیلانے اورعوام کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف صاحب نے حکومت ابھی سنبھالی نہیں اور ملکی ترقی کا آغاز ہو گیا، اسٹاک مارکیٹ بڑھنا شروع ہو گئی، روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے، بزنس کمینونٹی کو اندازہ ہونا شروع ہو گیا ملک اب ترقی کرے گا۔