اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وزیر اعظم کے لیے نامزد امیدوار شاہ محمود قریشی نے پہلے تقریر کی اس کے بعد انہوں نے اجتماعی استعفے دینے کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی کی طرف سے اجتماعی استعفوں کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری جو اجلاس کی صدارت کر رہے تھے انہوں نے بھی استعفا دیا اور چیئر ایاز صادق کے حوالے کی ۔
قبل ازیں پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وزیراعظم کے لیے نامزد امیدوار شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرنے پر میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی پوری قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی باقی جماعتوں کی نسبت ایک نئی جماعت ہے لیکن ہم نے پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آج ہمارے مخالفین ہمارے خلاف ایک ہوگئے ہیں لیکن ان کے نظریات میں کوئی ہم آہنگی اور اتفاق رائے نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف اتحاد کرنے والے ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف انتقامی کاررائیاں کرتے رہے ہیں ایک دوسرے پر بد ترین الزامات لگاتے رہے ہیں، ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات دیتے رہے ہیں، ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت نکالنے کی بات کرتے رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو خودداری دی۔