وزیراعظم کا انتخاب، پی ٹی آئی کی ارکان قومی اسمبلی کو ایوان میں حاضر رہنے کی ہدایت

01:33 PM, 11 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر میں ہو گا جس کے 2 نکاتی ایجنڈے میں قائد ایوان کا انتخاب بھی شامل ہے جبکہ آج سپیکر چیئر سے شیڈول سنایا جائے گا اور اجلاس کی کارروائی آرٹیکل 91 اور قائدہ 32 کے تحت چلائی جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق نئے قائد ایوان کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شاہ محمود قریشی کو نامزد کر رکھا ہے۔ قائد ایوان منتخب ہونے کیلئے 172 ارکان لازمی درکار ہیں اور اپوزیشن کو اس وقت 174 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ نومنتخب وزیراعظم کی حلف برداری بھی آج رات 8 بجے ایوان صدر میں ہو گی اور وزیر مملکت عارف علوی نئے وزیراعظم کا حلف لیں گے۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی کو وزیراعظم کے انتخاب کے دوران ایوان میں حاضر رہنے کی ہدایت کردی گئی اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے خط میں پارٹی ارکان کو ووٹنگ کے دوران شاہ محمود قریشی کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی پرعمل نہ کرنے والے رکن کیخلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کی جائے گی، خلاف ورزی پر پارٹی سے برخاست کرنے کیساتھ ساتھ قومی اسمبلی کی نشست سے بھی نااہل کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں