اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان پارلیمینٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز عوامی احتجاج پر اپنا ردعمل بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان پارلیمینٹ ہاؤس پہنچے تو فیصل جاوید خان سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کل کے پاور شو پر کیا کہیں گے جس کے جواب میں عمران خان نے کہاکہ ’عزت دینے والا اللہ ہے۔‘
ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عمران خان کی آمد پر اراکین نے نعرے لگائے جبکہ اجلاس میں جی ڈی اے اور عوامی مسلم لیگ کے ارکان بھی شرکت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج نئے قائد ایوان کا انتخاب ہونا ہے جس کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار شاہ محمود قریشی ہیں جو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شریک ہیں۔