وزیراعظم آج اقتصادی و سماجی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے

11:30 PM, 11 Apr, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج اقتصادی و سماجی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔اجلاس میں مختلف ممالک کے 10 سربراہان مملکت اور 50 وزرا بھی شریک ہوں گے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقتصادی و سماجی کونسل کا اجلاس 12 سے 15 اپریل کو پاکستان کی صدارت میں ہوگا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم چار روزہ ایف ایف ڈی فورم کی صدارت کریں گے۔

 فورم کا مقصد ترقی پذیر ممالک کو کورونا سے نمٹنے کے لیے مالی تعاوَن کو متحرک کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال ترقی پذیر ممالک کے لیے قرض سے متعلق ریلیف کی تجویز پیش کی تھی۔

 وزیر اعظم عمران خان عالمی برادری سے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے فیصلے کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اقتصادی و سماجی کونسل کے اجلاس میں دس سربراہان مملکت اور 50 وزرا شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے یو این ڈی پی پاکستان کی انسانی ترقی کے بارے میں جاری ہونے والی رپورٹ کے اجرا پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی غریبوں کےمسائل پرخصوصی توجہ ہے،غربت کےخاتمےکیلئے اقدامات اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کورونا سے غریب بہت زیادہ متاثر ہوئے جبکہ حکومت کی ترجیح غریب افراد کو اوپر لانا اور بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ میری نظر میں معاشرہ اپنے کمزور طبقے کی دیکھ بھال سے پہچانا جاتا ہے اور ایلیٹ کلچر ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ ہے، دنیا کو سوچنا پڑےگا کہ چند افراد کے ہاتھوں میں ساری دولت نہیں ہونی چاہیے۔ ہر سال غریب ممالک کے 10 کھرب ڈالرز امیر ممالک کے پاس چلے جاتے ہیں کیونکہ غریب ممالک کےکھربوں ڈالرمنی لانڈرنگ کی صورت امیر ممالک میں جاتے ہیں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا سے غریب بہت زیادہ متاثر ہوا مگر اس دورانیے میں بعض افراد مزید امیر ہو گئے جبکہ اُن کی جائیدادوں اور اثاثوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور دنیا کے ہر انسان کے لیے کورونا ویکسین کا اقدام یقینی بنایا جانا چاہیے۔ 

مزیدخبریں