وزیراعظم کا فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دینے کا فیصلہ

07:42 PM, 11 Apr, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو وفاقی وزارت اطلاعات کا قلمدان دینےکا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو وزیر اطلاعات مقرر کرنے کے فیصلے کا اعلان جلد متوقع ہے۔ فواد چوہدری وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ہیں جبکہ اس سے قبل بھی وہ وزیر اطلاعات رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ  شبلی فراز  کے سینیٹ سے ریٹائر ہو جانے کے بعد سے کوئی بھی وزیر اطلاعات نہیں ہے۔

واضح رہے  کہ فواد چوہدری نے جون 2016ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جبکہ اگست 2016ء میں انھوں نے بطور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حلقہ این اے 63 (جہلم 2) سے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے اور اس حلقے سے نوابزادہ راجا مطلوب مہدی کامیاب قرار پائے۔ 

نومبر 2016ء میں انھیں پاکستان تحریک انصاف کا ترجمان مقرر کیا گیا اور مارچ 2018ء میں اسے پی ٹی آئی کا سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا گیا تھا۔ 

عام انتخابات، 2018ء میں انھوں نے حلقہ این اے 67 (جہلم 2) سے بطور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حصہ لیا اور مد مقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نوابزادہ راجا مطلوب مہدی کو 93,102 ووٹ حاصل کر کے شکست دی۔ اسی انتخاب میں انھوں نے صوبائی اسمبلی پنجاب کے حلقے پی پی 27 (جہلم 3) سے بھی پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور حصہ لیا اور 67,003 ووٹ حاصل کر کے مسلم لیگ ن کے امیدوار ناصر محمود کو شکست دی تھی۔ 

مزیدخبریں