اسلام آباد: اختیارات سے تجاوز کرنے اور مس کنڈکٹ پر ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے پہلے سربراہ ڈاکٹر علی حسین نقوی کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرعلی حسین نقوی پر اختیارات سے تجاوز کرنے اور مس کنڈکٹ سمیت ہیلتھ اتھارٹی کے فنڈز کے غیر قانونی استعمال کے الزامات تھے اور انہیں خصوصی کمیٹی کی سفارش پر برطرف کیا گیا۔ ڈاکٹر علی حسین نقوی بغیر اطلاع دئیے 14 دن دفتر سے غیر حاضر رہے اور بیرون ملک ہونے کے باوجود محکمے سے تنخواہ لیتے رہے جبکہ انہوں نے ہیلتھ اتھارٹی ملازمین کو گھر پر تعینات کئے رکھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسین نقوی نے ہیلتھ اتھارٹی کیلئے خلاف قواعد خریداریاں کیں، لیبارٹریز، ہسپتالوں پر خلاف قواعد چھاپے مارتے رہے، ڈاکٹرعلی حسین نقوی کو 17 مارچ کو شوکاز جاری کرتے ہوئے الزامات کی وضاحت طلب کی تھی جس پر انہوں نے 19 مارچ کو الزامات کا تحریری جواب جمع کرایا۔
تحریری جواب جمع کرائے جانے کے بعد 29 مارچ کو ڈاکٹر نقوی کا کیس سننے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی اور انہیں سات اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا، ڈاکٹر نقوی سات اپریل کو خصوصی کمیٹی کے روبرو پیش نہ ہوئے جس پر خصوصی کمیٹی نے نو اپریل کو سفارشات آئی ایچ آر اے بورڈ کو جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر علی حسین فروری2020 میں سربراہ آئی ایچ آر اے مقرر ہوئے تھے،وہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے پہلے سربراہ تھے۔ اسلام آباد ہیلتھ کئیر ریگولیٹری اتھارٹی 22 مئی 2018 کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت قیام میں آئی تھی تاکہ صحت کے شعبے کی نگرانی کے ذریعے شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں۔