سوئس اکاؤنٹس کیس کھولنے جا رہے ہیں،ڈسکہ میں ہار کر بھی جیتے ہیں:شیخ رشید

01:55 PM, 11 Apr, 2021

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ سوئس اکاؤنٹس کیس کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ عمران خان کی کوشش ہے لوٹ مار کرنے والوں کو نکیل ڈالی جائے۔ڈسکہ میں ہار کر بھی جیت گئے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تمام مافیا کو للکارا ہوا ہے۔ منی لانڈرنگ اور چینی مافیا کے خلاف کیس شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں۔ ایف آئی اے میرے ماتحت ہے، مگر شہزاد اکبر جو کر رہےہیں، انہیں کرنے دیں۔

شانگلہ میں اجتماعی قبر کی دریافت بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2011ء میں 18 افراد لاپتا ہوئے تھے جن میں سے 16 افراد کی باقیات مل چکی ہیں تاہم دو کے بارے میں ابھی تک کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔

ڈسکہ الیکشن بارے ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ انتخابات ہار کے بھی جیتے ہیں۔ ڈسکہ میں ہمارے ووٹ بینک کا غلط اندازہ لگانے والوں کی شکست ہوئی۔ اکھاڑے میں پہلوان آتے ہیں تو جیت کسی ایک کی ہوتی ہے۔ ڈسکہ انتخابات میں جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔ مستقبل میں پنجاب میں الیکشن پی ٹی آئی اور ن لیگ میں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود مہنگائی کا معاملہ دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان اور حکومت کی کوشش ہوگی کہ رمضان المبارک میں مافیا اور لوٹ کا بازار روکیں۔ اس کے علاوہ حکومتی کوششوں سے ملکی معیشت بھی بہتری کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے میرے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں، سندھ حکومت سے ضروربات کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شکر کریں کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک عظیم فوج دی، اگر ہماری فوج نہ ہوتی تو حالات یمن لیبیا اور عراق جیسے ہوتے۔

مزیدخبریں