جوہانسبرگ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں فتوحات کی سنچری مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ پاکستانی ٹیم یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم ہے۔ گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کو سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
پاکستان نے2006 سے اب تک سب سے زیادہ164 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل کر 100 میں کامیابی حاصل کی اور 59 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 3 میچ ٹائی اور 2 میچ بے نتیجہ رہے۔ بھارتی ٹیم 88 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی۔میزبان ٹیم کے کپتان ہینرچ کلاسین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے مرکرام 51، کپتان ہینرچ کلاسین 50 اور بلجون 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
جوابی اننگز میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم 41 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم 14 رنز بنا کر ولیم کو کیچ دے بیٹھے۔
اس دوران فخر زمان اور محمد رضوان نے چند جارحانہ شارٹس کھیلے، دونوں کے درمیان 33 گیندوں پر 45 رنز کی پارٹنر شپ بنی جس کا اختتام تبریز شمسی نے کیا، فخر 27 سکور بنا کر کریز چھوڑ گئے۔دیگر بیٹسمینوں میں محمد حفیظ 13، حیدر علی14، محمد نواز صفر، فہیم اشرف 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کیا۔ محمد رضوان 74 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔