آر او ڈسکہ نے ن لیگ کو فتح دلائی: فردوس عاشق اعوان کا الزام

10:41 AM, 11 Apr, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک مرتبہ پھر ریٹرننگ آفیسر ڈسکہ پر مسلم لیگ ن کی حمایت کا الزام لگادیا۔

اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ کی وفاداریوں کے بندھن میں بندھے آر او ڈسکہ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا کی بھرپور معاونت کرتے ہوئے ن لیگ کو الیکشن جتوانے میں بالآخر کامیاب ہوئے۔ اسجد ملہی اور تحریک انصاف کے ورکرز کو ن لیگی گاڈ فادرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کامقابلہ جرائم پیشہ گروپس کے علاوہ آر او ڈسکہ کیساتھ بھی تھا۔ حکومتی پریشر سے پاک انتخابات کی اس سے پہلےکوئی مثال نہیں ملتی۔ تمام تر انتظامی اختیارات کے باوجود پنجاب حکومت نےالیکشن میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرکے اداروں کو آزاد اور خودمختار بنانے کی اعلی مثال قائم کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ قومی اسمبلی حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ۔مسلم لیگ ن کی امیدوارنوشین افتخار110075 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہو ئیں  جبکہ حکومتی امیدوار علی اسجد ملہی93433 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ۔ 

مسلم لیگ ن کی کامیابی پر علاقے میں جشن کا سماں ہے ۔ ن لیگی کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں بھنگڑے ڈالے اور ایکدوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے ۔ اس موقع پر شیر اک واری فیر کے نعرے بھی گونجتے رہے ۔ 

نوشین افتخار کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سب کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ عوام کی جیت ہے اورن لیگ کے موقف کہ ووٹ کو عزت دو کی جیت ہے ۔ 

مزیدخبریں