غداری کے الزام میں 3 فوجیوں کو سزائے موت دے دی گئی

غداری کے الزام میں 3 فوجیوں کو سزائے موت دے دی گئی
سورس: file

ریاض: سعودی وزارت دفاع کے 3 فوجی اہلکاروں کو غداری کا الزام ثابت ہونے پر سزائے موت دے دی گئی ۔  عسکری حلف وفاداری سے خیانت کرتے ہوئے فرسٹ سولجر محمد بن احمد بن یحییٰ عکام، فرسٹ سولجر شاہر بن عیسیٰ بن قاسم حقوی اور فرسٹ سولجر حمود بن ابراہیم بن علی الحازمی نے عسکری حیثیت میں ملک سے غداری کا ارتکاب کیا ۔ 

سعودی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے  نے وزارت دفاع کے حوالے سےکہا ہے کہمذکورہ افراد نے وطن کو نقصان پہنچانے کے لیے دشمن کے ساتھ تعاون کا سنگین جرم کیا ہے۔ عدالت کے سامنے انہوں نے جرم کا اقرار کرنے کے علاوہ شواہد سے بھی الزام ثابت ہوا ہے۔ 

وزارت دفاع نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ غداری کا الزام ثابت ہونے پر مذکورہ افراد کو ان کی عسکری حیثیت کی بنا پر اور شرعی و قانونی تقاضے کی بنیاد پر سزائے موت دے دی گئی ہے۔شرعی عدالت نے انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کے بعد اور جرم ثابت ہونے پر انہیں سزائے موت کا فیصلہ سنایا تھا۔