ڈسکہ میں ن لیگ نہیں جیتی ہم ہارے ہیں، تحریک انصاف اپنی صفیں درست کرے: فواد چودھری

09:36 AM, 11 Apr, 2021

ڈسکہ میں ن لیگ نہیں جیتی  ہم ہارے ہیں، تحریک انصاف اپنی صفیں درست کرے: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا کوئی نظریہ ہے نہ ہی نون لیگ کوئی نظریاتی جماعت ہے۔ ایک طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے ان حواریوں کو نظریاتی نہیں کہا جا سکتا۔

مریم نوازبیان کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  ڈسکہ میں نون لیگ نہیں جیتی  پی ٹی آئی ہاری ہے اور اس کی وجوہات ہیں جن کی طرف میں پارٹی کے اندرتوجہ دلاتا رہا ہوں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں۔ ان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں۔ بلاول اور مریم کو پاکستان کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ رسید کرنا ہو گا، تحریک انصاف  کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی اس ملک کا مستقبل پی ٹی آئی اور عمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔
 

واضح رہے کہ گزشتہ قومی اسمبلی حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ۔مسلم لیگ ن کی امیدوارنوشین افتخار110075 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہو ئیں  جبکہ حکومتی امیدوار علی اسجد ملہی93433 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ۔ 

مسلم لیگ ن کی کامیابی پر علاقے میں جشن کا سماں ہے ۔ ن لیگی کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں بھنگڑے ڈالے اور ایکدوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے ۔ اس موقع پر شیر اک واری فیر کے نعرے بھی گونجتے رہے ۔ 

نوشین افتخار کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سب کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ عوام کی جیت ہے اورن لیگ کے موقف کہ ووٹ کو عزت دو کی جیت ہے ۔ 

مزیدخبریں