کورونا، وزیراعظم کا آن لائن کھلی کچہریوں کا فیصلہ

03:40 PM, 11 Apr, 2020

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پیش نظر آن لائن کھلی کچہریوں کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر 10 وفاقی وزارتوں کے 24 اداروں کے لیے ایس او پیز تیار کیے ہیں جن کی وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دے دی ہے۔

اس ضمن میں پی ایم ڈلیوری یونٹ نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے پی ایم ڈلیوری یونٹ کو کھلی کچہریوں کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ عوامی شکایات کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہدایت نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر آن لائن کچہریوں کی اجازت ہو گی۔

ہدایت نامہ کے مطابق سوشل میڈیا، ریڈیو، مقامی کیبل ٹی وی، ویڈیو کانفرنس کا استعمال کیا جاسکے گا جبکہ یکم مئی کے بعد کورونا کا جائزہ لے کر آئندہ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

مزیدخبریں