لاہور :صدر مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانیت کورونا سے لڑ رہی ہے اور ایسے ماحول میں بھی بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے ایک بیان میں بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے بھارتی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں بچی سمیت 4 شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیز فائر معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی فوج کی گزشتہ 24 گھنٹوں میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہو گئے۔