کراچی : ٹی وی اور فلم کی معروف اداکارہ صبا قمر کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پیغام سامنے آیا ہے جس کے مطابق ان کے نمبر سے کوئی جعلی فون کرکے لوگوں کو گمراہ کررہا ہے۔
صبا قمر کے تصدیق شدہ اکاونٹ کی مینیجر مشال چیمہ نے لوگوں کوہاﺅس پارٹی نامی ویڈیو چیٹ ایپلیکیشن کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کے نمبر کی ہیکرز تک رسائی نا صرف ممکن ہے بلکہ آسان بھی ہے۔
انہوں نے اپنی ایک تفصیلی پوسٹ میں بتایا کہ صبا قمر کے نمبر سے انہیں متعدد بار کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے ایک نوجوان لڑکا بار بار پوچھ رہاتھا کہ کیا آپ مشال ہی ہیں ۔ مشال نے بتایا کہ فون پر فیک کال کرنے والے نےانہیں بتایا کہ صبا کا فون اسے پارک سے بغیر کسی لاک کے ملا جہاں صبا جاگنگ کی غرض سے آتی ہیں۔
مشال کے بار بار پوچھنے پر ہیکر نے کال منقطع کردی، فورا ہی جب انہوں نے صبا کو فون کیا اور پوچھا کہ وہ کہاں ہیں تو انہوں نے بتایا کہ وہ گھر پر ہیں، صبا کو جب اس جعلی کال کے بارے میں بتایا تو وہ حیران ہوگئیں کہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے۔
مشال نے شک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں شبہ ہے کہ مشہور ہاوس پارٹی ایپ کی وجہ سے ہی صبا کا فون ہیک کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فون کی ہیکنگ سے متعلق تمام تر معاملات فی الحال قابو میں ہیں۔
انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ اب تک تو سب معمول کے مطابق ہے اگر مستقبل میں ایسی کسی صورتحال کا سامنا ہو تو وہ ہیکرز کی ہی شرارت ہوگی۔انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مذکورہ ایپ کے استعمال کرنے والے صارفین کو محتاط اور محفوظ رہنے کا مشورہ بھی دیا۔