نیویارک: امریکا میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کرگئی۔امریکا میں جمعے کے روز کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2000 سے زیادہ ہو گئی جس کے بعد امریکا پہلا ملک بن گیا جہاں کورونا وائرس سے ایک ہی روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کولمبیا سمیت امریکا کی 50 ریاستوں میں کم ازکم 2 ہزار 35 افراد کووڈ 19 سے وابستہ پیچیدگیوں کے باعث ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد امریکا میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 725 ہو گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 318 ہو گئی ہے جب کہ نیو یارک میں لاشیں اتنی زیادہ ہو گئی ہیں کہ لاوارث لاشوں کو دفنانے کے لیے مزدور بھرتی کیے گئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے لیکن ماہرین کو خدشہ ہے کہ حالات جان ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ اعدادو شمار سے کہیں زیادہ خراب ہیں جس کی وجہ چین اور دیگر جگہوں پر شفافیت کا فقدان ہے اور خاص طور پر اسپتالوں کے باہر موت کی وجہ کی تصدیق کرنے میں دشواری ہے۔