ممبئی: بالی ووڈ کے ورسٹارئل اداکار عرفان خان کے مداحوں کیلئے انتہائی افسوسناک خبر آگئی۔ اداکارکے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا اداکار کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار نے گزشتہ ماہ افسوسناک خبر سناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیورو اینڈو کرائن کینسر نامی موذی مرض میں مبتلا ہیں تاہم ان کی بیماری ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔بعد ازاں عرفان خان علاج کی غرض سے بیرون ملک چلے گئے تھے جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔
لیکن بھارتی صحافی عمیر سندھو نے انکشاف کیا ہے کہ عرفان خان کی طبیعت مسلسل بگڑ رہی ہے اور وہ صحت یابی کی جانب جانے کے بجائے مزید بیمار ہوتے جارہے ہیں۔عمیر سندھو نے اداکار عرفان خان کے انتہائی قریبی ذرائع اور ان کے گھر والوں کی وساطت سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ”عرفان خان کینسر کی ابتدائی نہیں بلکہ آخری اسٹیج پر ہیں جب کہ ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ وہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہیں گے“۔
صحافی عمیر سندھو کی جانب سے خبر پوسٹ کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی یہ ٹوئٹ ہٹادی گئی تھی لیکن اس وقت تک یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی تھی۔