روس شام میں امریکی میزائلوں کے حملے کیلئے تیار رہے: ڈونلڈ ٹرمپ

05:59 PM, 11 Apr, 2018

نیویارک: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں روس کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے پیش نظر بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس شام میں امریکی میزائلوں کے حملے کے لیے تیار رہے۔

امریکی صدر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’روس تیار رہو میزائل آ رہے ہیں۔ بہترین، نئے اور سمارٹ۔ تمھیں گیس سے لوگوں کو ہلاک کرنے والے جانور کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔‘

دوسری جانب روس نے امریکی صدر کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کی گیدڑ بھبکیوں سے نہیں ڈرتے اور ان کی فورسز شام کی جانب آنے والے تمام میزائلوں کو مار گرائے گی۔

اقوامِ متحدہ میں روسی کے مندوب وسیلی نیبینزیا امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام میں کیمیائی حملے کے جواب میں کسی فوجی کارروائی سے باز رہے۔ انھوں نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اگر اس نے کسی قسم کی 'غیر قانونی فوجی کارروائی' کی تو وہ اس کا ذمہ دار ہو گا۔

روس کی جانب سے یہ وارننگ اس وقت آئی ہے جب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں مبینہ کیمیائی حملے کے خلاف نئی تحقیقات کی تجویز منظور نہ ہو سکی۔

روس نے امریکہ کا تحریر کردہ مسودۂ قرارداد ویٹو کر دیا جب کہ چین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ دوسری جانب روس کی جانب سے جوابی قرارداد بھی مطلوبہ حمایت حاصل نہ کر پائی۔

اس کے جواب میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے قرارداد پر ووٹنگ کو 'مسخرہ پن' قرار دیا۔ انھوں نے کہا: 'روس نے کونسل کی ساکھ کو تباہ کر دیا ہے۔'

مزیدخبریں