کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ،  دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کرگیا

12:32 PM, 11 Apr, 2018

    کراچی :   کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے  سے تجاوزکرگیا ، گیس کم ملنے سے 500میگاواٹ کے پلانٹس بند پڑے ہیں جس کے باعث  بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے ۔کراچی میں گرمی کے آغاز پر ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا ہے.شہر کے بیشتر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے  سے تجاوز کر گیا ہے ۔کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ فری علاقوں میں بھی 6سے10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے جبکہ فالٹس کے نام پر اس کے علاوہ بھی کئی کئی گھٹنوں تک بجلی غائب رہنا معمول بنا ہوا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہوئی تو شہباز شریف اپنی پسند کا نام رکھ لیں:قمر زمان
 
 کے الیکٹرک نے ایک بار پھر کراچی میں اضافی لوڈشیڈنگ کی وجہ سوئی سدرن سے مطلوبہ مقدار میں گیس نہ ملنے کو قرار دیاہے۔ترجمان سعدیہ دادا کا کہناہے کہ گیس کم ملنے سے 500میگاواٹ کے پلانٹس بند پڑے ہیںاور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن کو 13 ارب 70 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کے پلان پربھی آمادہ ہیں ، واٹر بورڈ نے ہمارے 32 ارب روپے دینے ہیں مگر ان کی سپلائی نہیں کاٹی۔انہوں نے عوامی مفاد میں فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان شہباز اسلام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے ساتھ یومیہ 10 ملین مکعب فٹ گیس کی فراہمی کا معاہدہ ہے ، اس کے باوجود کے الیکٹرک کو یومیہ 90 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے ۔

 یہ بھی پڑھیں:رواں سال گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ ہو گی یا نہیں ؟ وزیر توانائی بھی لاعلم
 
 ترجمان نے مزید کہا کہ نوری آباد پلانٹ کو 20 ملین مکعب فٹ گیس سپلائی کر رہے ہیں ، نوری آباد پلانٹ کو گیس کی فراہمی کا فائدہ بھی کے الیکٹرک کو ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سو ئی سدرن گیس کو 250 ایم ایم سی ایف ڈی کی قلت کا سامنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں