رسالپور: پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں شاندار پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم نواز شریف تھے جن کا استقبال ایئر چیف سہیل امان نے کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 137 جنرل ڈیوٹی پائلٹس اور 83 انجینئرنگ کیڈٹس شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے چیمپئن سکوارڈن کو قائداعظم بینر دیا جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تمام ممالک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کردار کلیدی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز سے ملک میں امن قائم ہوا۔ تقریب کے اختتام پر پاک فضائیہ کے شیر دل اسکوارڈن نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں