لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا لیفٹننٹ جنرل منیر افسر کو عہدے پر بحال کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل میں تقرری کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کردیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست میں کونسا نوٹیفکیشن چیلینج ہوا تھا ؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست میں نگران حکومت کا چیئرمین نادرا کی تقرری کا نوٹیفکیشن چیلنج ہوا تھا، درخواست صرف نگران حکومت کے نوٹیفکیشن کی حد تک محدود رہی، درخواست گذار نے کبھی بھی نئے رول کو چیلینج نہیں کیا۔
عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کوعہدے سے ہٹانے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل تقرری کو کالعدم قرار دے کر انہیں اپنے عہدے پر بحال کردیا۔
یاد رہے کہ6ستمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا کی تقرری غیر آئینی قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا تھا۔
چیئرمین نادرا کی تقرری کے خلاف اشبا کامران کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہا ئی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے 30 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ سنایا تھا۔
واضح رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے اکتوبر 2023 میں اس وقت جنرل ہیڈکوارٹز (جی ایچ کیو) میں تعینات آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔