اسلام آباد : موسمیاتی تغیر اور غیرمتوقع صورتحال کی قبل از وقت پیش گوئی کے لیے محکمہ موسمیات نے جدید آلات خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ موسمیات نے جدید سرویلنس ریڈارسمیت عصرحاضر کے جدید آلات خریدنےکا فیصلہ کرلیا، منصوبے کے تحت 300 آٹومیٹک ویدراسٹیشنزکی تنصیب ملک کے مختلف شہروں میں کی جائے گی جبکہ5فکسڈ سرویلنس کے ریڈارملک کے مختلف شہروں میں تنصیب کے علاوہ 3پورٹیبل سرویلنس ریڈار(تیز ترین کمپیوٹر نیٹ ورک کے حامل)بھی خریدے جائیں گے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات صاحبزاد خان کے مطابق 2 ریڈارخیبرپختونخوا کے شہروں چراٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 بلوچستان کے شہروں کوئٹہ،گوادر جبکہ ایک ریڈار پنجاب کے شہر لاہورمیں نصب کیا جائےگا جبکہ کراچی میں پہلے ہی جدید ٹیکنالوجی کا حامل ریڈاراسٹیشن موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے جدید آلات ورلڈ بینک کے تعاون سے نصب کیے جائینگے، مقامی انجینئرز کے علاوہ غیرملکی ماہرین منصوبے کی تکمیل میں معاونت کرینگے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق جدید آلات سے مزین موسمیاتی نظام کا منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا، اس منصوبے پر 14 ارب روپے پاکستانی جبکہ 50 ملین ڈالرز کی لاگت آئیگی۔
مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ ڈی جی محکمہ موسمیات آٹومیٹک ویدرسٹیشنز سے موسمیاتی صورتحال کی مانیٹرنگ مزید بہتر انداز میں ہو سکے گی۔