اسلام آباد : پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں اور امداد کی حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جائزہ اجلاس ہوگا۔2022 میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب آیا تھا اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی اور بہت نقصان ہوا تھا ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اس حوالے سے باقاعدہ جائزہ لے گی۔
گذشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا تھا جس سے 1700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، تقریباً 33 ملین افراد متاثر ہوئے اور 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہواتھا۔سیلاب نے لاکھوں لوگوں کو غربت میں دھکیل دیا، اور ملک کی آفات کے بعد کی رپورٹ کے مطابق، قومی غربت کی شرح میں 4 فیصد اضافہ متوقع تھا۔
گزشتہ سال اکتوبر میں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک قرارداد منظور کی تھی اور عالمی برادری سے جنوبی ایشیائی ملک کے لیے امداد بڑھانے کا مطالبہ کیاتھا۔یہ پیشرفت پاکستان اور اقوام متحدہ کی جانب سے مشترکہ طور پر 816 ملین ڈالر کی انسانی ہمدردی کی اپیل شروع کرنے کے چند دن بعد ہوئی، جس میں اسے 160 ملین ڈالر سے پانچ گنا بڑھا دیا گیا۔
پاکستان، موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے ، اس مون سون میں بھی موسلا دھار بارشوں اور اچانک سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس وجہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیلاب کی تباہ کاریوں اور امداد کے حوالے سے اجلاس منعقد کررہی ہے۔