حیدر آباد : پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں سیاست میں جوڈر گیا وہ مرگیا۔ہمارے چند اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو بھاگنے دیں۔لندن سے سیاست کرنےوالوں نے حیدر آباد کو پانی نہیں دیا۔حکومت میں آکر عوام کے سارے مسائل حل کریں گے۔پی پی کارکن ٹک ٹاک اور فیس بک کیلئے وقت نکالیں تاکہ برگر بچوں کو جواب دے سکیں۔
حیدر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات میں کٹھ پتلی سیاستدانوں اور سیاسی یتیموں کا صفایا کر دیں گے۔چند اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ،انہیں بھاگنے دیں ۔ اتحادیوں سے کہتا ہوں جو ڈر گیا وہ مر گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ڈر گئی اور وہ دو ٹاؤنز میں بھی کامیاب نہ ہو سکی ۔لندن سے سیاست کرنے والے حیدرآباد تک کو پانی نہیں دے سکے ۔جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو پیغام ہے کہ جیالے کسی سے نہیں ڈرتے ۔ عوامی طاقت سے پی ٹی آئی اور سلیکٹڈ کو شکست دیں گے ۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب اور پشاور میں جھوٹے وعدے بیچے گئے ۔ممی ڈیڈی جماعت والے اب سوشل میڈیا تک محدود ہوگئے ہیں ۔
اداروں اور عوام میں دراڑیں ڈالنے والے ناکام ہو گئے۔پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں ہم ملک کو مشکلات سے نکال دیں گے ۔